پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔
لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں بھی پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 111 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ پاکستان نے رنز کے اعتبار سے آسٹریلیا کیخلاف ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔
مہمان ٹیم کو سیریز میں بدترین کارکردگی پر وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کے 208 رنز کے جواب میں آسٹریلوی بلے باز ایک بار پھر اسپن جال میں پھنس گئے اور ٹیم 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اسپنر محمد نواز نے کیریئر بیسٹ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 رنز عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ مارکس اسٹوئنس23، کیمرون گرین22 اور جوش فلیپی 14رنز بنا سکے۔ ایڈم زمپا انجرڈ ہونے کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
کپتان مچل مارش 1، میتھیو شارٹ 2، رنشا 1، مچل اون 8، کونلے 0 پر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم نے پہلےکھیل کر مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 207رنز اسکور کیے جس میں صائم ایوب 56 اور شاداب خان 46رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بابراعظم نے 36گیندوں پر 50رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نوجوان بیٹر خواجہ نافع نے 12گیندوں پر 21رنز بنائے۔ فخر زمان10، سلمان آغا اور محمد نواز 5،5رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بین ڈوارشیئس نے39رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی ٹیم نے آخری 5اوورز میں 70رنز اسکور کیے اور فہیم اشرف 4گیندوں پر 10رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔





