معصوم جیب کترا..

ہمیشہ کی طرح میں بھی اُن لوگوں میں شامل تھا جو رش والے مقامات پر جیب پر ہاتھ رکھ کر ایسے چلتے ہیں جیسے قومی خزانہ ساتھ لیے پھر رہے ہوں۔ بائیک پر بیٹھے ہوئے بھی دل میں ایک ہلکا سا ڈر رہتا کہ کہیں کوئی “ہنرمند” میری جیب کو اپنی فنی تربیت کا میدان نہ بنا لے۔ مگر ساتھ ہی ایک فخر بھی تھا وہی پرانا جملہ:“بھئی ہمارے ساتھ تو آج تک ایسا کچھ نہیں ہوا!”اور یہی جملہ عام طور پر قسمت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہوتا ہے۔

ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں جیب کترا اب کوئی فلمی ولن نہیں بلکہ ایک طرح کا “فری لانس آرٹسٹ” بن چکا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ کچھ لوگ بینک سے لوٹتے ہیں اور کچھ سیدھا جیب سے۔ بلکہ سچ تو یہ ہے کہ آج کل قریبی رشتوں کے فراڈ کے مقابلے میں جیب کترا تو معصوم سا لگتا ہے، کم از کم وہ پہلے سے دوستی تو نہیں کرتا۔
خیر، میرے ساتھ بھی وہ “تاریخی لمحہ” آ ہی گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ مجھے احساس بھی ہو رہا تھا کہ کچھ گڑبڑ ہے، جیسے کسی نے خاموشی سے “پروجیکٹ جیب صفائی” شروع کر رکھا ہو۔ مگر ہم بھی اعتماد کے مارے ہوئے لوگ ہیں خود کو ہی سمجھاتے رہے:“نہیں نہیں، یہ میرا وہم ہے… لوگ اتنے بھی برے نہیں ہوتے!” اور بس، اسی یقین کے سہارے ایک کمسن “استاد” نے اپنی فنی مہارت کا مظاہرہ کر دیا۔
وہ بچہ جسے دیکھ کر آپ شاید ٹافی دے دیں میرے اعتماد کی جیب کاٹ گیا۔ موبائل کو اس نے شاید “مہنگا پراجیکٹ” سمجھ کر چھوڑ دیا اور نقدی پر اکتفا کیا۔ سادگی بھی دیکھیں اور پیشہ ورانہ ترجیحات بھی!
اب مزے کی بات سنیں مجھے نہ غصہ آیا، نہ دکھ، نہ حیرت۔
بس ایک ہلکی سی مسکراہٹ آئی کہ چلو دیر سے سہی، ہم بھی “عملی زندگی” کے اس کورس میں پاس ہوگئے۔
دو باتوں پر خاص شکر ادا کیا: ایک، فون بچ گیا ورنہ آج کل فون خریدنا ایسا لگتا ہے جیسے چھوٹا سا پلاٹ خرید رہے ہوں۔ دوسرا، تنخواہ ابھی سے ٹی ایم سے نہیں نکلوائی تھی ورنہ وہ بچہ شاید آج اپنی فیملی کے ساتھ “بجٹ اجلاس” کر رہا ہوتا۔
اصل نقصان پیسوں کا نہیں ہوا، بلکہ اس “اندھے اعتماد” کا ہوا جو ہم ہر اجنبی کے ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ اب دل یہی کہتا ہے کہ مدد ضرور کریں، مگر اتنی ہی جتنی جیب برداشت کر سکے۔
آخر میں یہی سبق ملا، زندگی میں موقع سب کو دیں مگر اتنا ہی جتنا آپ برداشت کر سکیں۔
ورنہ کوئی “معصوم” آکر آپ کو تجربہ کار بنا ہی دیتا ہے۔
اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے اور ہماری جیبوں کو بھی!
نوٹ: درج ذیل کالم مصنف کی ذاتی رائے ہے ادارے کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں

 

اپنا تبصرہ بھیجیں