اسلام آباد(ویب ڈیسک)خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد کے افغانی ماسٹر مائنڈ گرفتار کرلیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کلاں میں ہونے والے خودکُش دھماکےکی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مار کر مختلف گرفتاریاں کی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیےگئے اور ان آپریشنز میں خود کُش حملہ آور کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد خودکُش حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان شہری تھا جس کا تعلق کالعدم داعش سے تھا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے میں 33 افراد شہید ہوئے تھے اور 150 سے زائد زخمی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شواہد جمع کرنے کے لیے نیشنل فارنزک ایجنسی اور نادرا کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے حملے سے قبل فائرنگ کی، حملہ آور نے راستے میں 2 جبکہ مسجد وامام بارگاہ کے ہال میں داخل ہو کر مزید 6 گولیاں چلائیں جن کے خول جائے وقوعہ سے مل گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور نے مسجد کے ہال میں جا کر خودکش دھماکا کیا اور دھماکے میں 4 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ کی مقدار زیادہ تھی۔





