لاہور(نمائندہ سوچ ٹی وی+مانیٹرنگ ڈیسک)
بسنت کے دوران مختلف حادثات میں صحافی سمیت 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ،ساندہ میں نجی ٹی وی چینل کا اسپورٹس رپورٹر زین ملک بسنت مناتے ہوئے چھت سے گر کر زخمی ہوگیاجسے میاں منشی اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا ،شاہدرہ کے علاقہ میں ایک بچہ چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا

تفصیلات کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت 10 سالہ عمار کے نام سے ہوئی ہے۔ عمار بارہ دری روڈ پر پتنگ لوٹتے ہوئے گھر کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوا۔اسی طرح بلال گنج کے علاقہ میں پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر 16 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

نوجوان بسنت کی دوسری رات پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گرا جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا
متوفی کی شناخت 16 سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی جو سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا تھا۔
پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کردی ہے۔
اسی طرح لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ڈور پھرنے سے ایک بچہ زخمی ہوگیا جس کی شناخت زین کے نام سے ہوئی ،

بچہ سائیکل چلا رہا تھا کہ اس کے گلے پر ڈور پھر گئی۔ بچے کو فوری طبی امداد دی گئی جس کے گلے پر ٹانکیں لگے ہیں۔ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بسنت کے دنوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔





