لاہور سے سری لنکا کی تمام پروازیں بک، بزنس کلاس کی سیٹیں بھی ختم ہو گئیں
لاہور: حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی باضابطہ اجازت ملنے کے بعد، سری لنکا کے لیے فضائی کرایوں میں اچانک بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے شائقینِ کرکٹ میں پائے جانے والے بے پناہ جوش و خروش کے باعث ٹکٹوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پیر کی شب حکومت نے طویل بحث و مباحثے کے بعد “کھیل کے جذبے” کو برقرار رکھنے کے لیے 15 فروری کو ہونے والے اس ہائی وولٹیج میچ میں شرکت کی ہری جھنڈی دکھا دی تھی۔
ٹریول ایجنٹ ایوب نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میچ کی تصدیق ہوتے ہی سری لنکا کا ریٹرن ٹکٹ ایک لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 85 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک اعلان کے بعد کرایوں میں 20 سے 25 ہزار روپے کا فوری اضافہ ہوا۔ لاہور سے سری لنکا جانے والی تمام پروازیں مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں جبکہ بزنس کلاس کی کوئی سیٹ دستیاب نہیں۔ ان ایئر لائنز میں سری لنکن ایئر لائنز، اتحاد ایئرویز اور ایمریٹس شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری کو ہوا تھا، تاہم بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار کے بعد ٹورنامنٹ تنازعات کا شکار رہا۔ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا، جس پر پاکستان نے بھی احتجاجاً بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب حکومت نے ٹیم کو بھیجنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔





