لاہور(نیوز ڈیسک)سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق جنرل (ر) باجوہ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے اپنے گھر کے واش روم میں گر گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے کے باعث انہیں جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں جبکہ سر پر بھی زخم آیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی حالت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ قمر جاوید باجوہ کو 2016 میں اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف مقرر کیا تھا، بعد ازاں عمران خان نے 2019 میں انہیں تین سال کی توسیع دی۔
سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ 29 نومبر 2022 کو ریٹائر ہوئے جس کے بعد جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھالی، جو اس وقت بھی آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں۔





