
کیا آپ کو معلوم ہے کہ رقبے اور کمرے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل کونسا ہے؟
یہ ہے ملائیشیا کا فرسٹ ورلڈ ہوٹل اینڈ پلازہ، جو ویسے تو متاثر کن ہوٹل نہیں اور آسائشات کے لحاظ سے 3 اسٹارز ہوٹل ہیں۔

مگر گنجائش اور کمروں کے لحاظ سے دنیا کا کوئی اور ہوٹل اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر جب 2006 میں اسے کھولا گیا تو اس میں ‘محض’ 6118 کمرے موجود تھے۔
2 سال بعد لاس ویگاس میں Venetian ہوٹل کی توسیع کی گئی تو وہاں کمروں کی تعداد 7128 ہوگئی۔
مگر 2015 میں جب فرسٹ ورلڈ ہوٹل اینڈ پلازہ میں دوسرے ٹاور کی تعمیر کی گئی تو یہ کمروں کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل بن گیا۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے شمال میں 50 کلومیٹر دور واقع خطے Pahang میں موجود اس ہوٹل یا ریزورٹ میں ہر سال لاکھوں سیاح مختلف ممالک سے آتے ہیں۔
اس کے 2 بڑے ٹاورز میں 7351 کمرے موجود ہیں اور حیران کن طور پر وہاں عموماً 90 فیصد کمرے ہر وقت بھرے رہتے ہیں۔
اس ہوٹل کی کامیابی کی وجہ اس کا جغرافیائی مقام ہے کیونکہ اس کے اردگرد تھیم پارکس اور شاپنگ مراکز موجود ہیں۔
کرائے کے لحاظ سے بھی یہاں ہر قسم کے آپشنز موجود ہیں۔
مثال کے طور پر 3164 عام کمرے ہیں، 2922 لگژری رومز، 649 لگژری ٹرپل رومز، 480 سپر لگژری رومز اور 136 ورلڈ کلب رومز ہیں





