کراچی / اسلام آباد: پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر جبکہ سنتِ ابراہیمی کا عظیم تہوار عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اور باقاعدہ اعلان
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اس اہم بیٹھک میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کے معزز ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو (SPARCO) کے ماہرین نے بھی شرکت کی، تاکہ سائنسی اور شرعی بنیادوں پر چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد ہوئے۔
اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے باقاعدہ اعلان کیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی معتبر شہادتیں موصول ہو چکی ہیں، لہٰذا پاکستان میں یکم ذوالحج 18 مئی کو ہوگی۔
ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتیں
ذرائع کے مطابق چاند کی رویت کے حوالے سے ملک کے مختلف حصوں سے گواہیاں سامنے آئیں:
مرکزی کمیٹی: کراچی میں ہونے والے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران کمیٹی کے اپنے 2 ارکان نے چاند دیکھنے کی براہِ راست شہادت دی۔
خیبر پختونخوا: صوبہ خیبر پختونخوا سے مجموعی طور پر 3 شہادتیں موصول ہوئیں۔ زونل کمیٹی کے رکن کے مطابق مردان سے دو گواہان (محمد اور احمد نامی افراد) نے چاند دیکھنے کی گواہی شیئر کی، جبکہ ایک شہادت پشاور سے بھی موصول ہوئی۔
عالمی دنیا میں عیدالاضحیٰ کا اعلان
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر بھی چاند کی رویت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، تیونس اور ترکیےمیں بھی ذوالحج کا چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان ممالک میں بھی عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہی منائی جائے گی۔
عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا حتمی اعلان ہوتے ہی ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی خریداری اور عید کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔





