نئی دلی (اسپورٹس ڈیسک) آئی پی ایل 2026 میں ویرات کوہلی اور آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ کے درمیان ہینڈ شیک تنازع نے اس وقت انتہائی بھیانک رخ اختیار کر لیا جب بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے ٹریوس ہیڈ کی فیملی کو نشانہ بنا ڈالا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، روایتی متکبرانہ رویہ اپنانے والے ویرات کوہلی کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے بھارتی ٹرولرز نے ٹریوس ہیڈ اور ان کے خاندان پر زہریلے ذاتی حملے شروع کر دیے ہیں اور ان کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے۔

ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا کا دردناک بیان
اس شدید آن لائن بدسلوکی پر خاموشی توڑتے ہوئے ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا: “ہم محفوظ اور ٹھیک ہیں، لیکن یہ لوگ اب میری فیملی اور دوستوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ بدسلوکی اور نفرت کا طوفان دوبارہ لوٹ آیا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے 2023 کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد ہوا تھاـ”
بھارتی فینز کا پرانا ٹریک ریکارڈ
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارتی کرکٹ فینز نے اس طرح کی گھٹیا حرکت کی ہو۔ یاد رہے کہ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں جب ٹریوس ہیڈ نے سنچری بنا کر بھارت کا غرور خاک میں ملایا تھا، تو اس وقت بھی انتہا پسند بھارتی صارفین نے ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور ان کی معصوم بیٹی کو ریپ اور اغوا جیسی گھناؤنی دھمکیاں دی تھیں۔

واضح رہے کہ رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرز حیدرآباد کے میچ کے دوران کوہلی اور ہیڈ میں گرما گرمی ہوئی تھی، اور آر سی بی کی شکست کے بعد کوہلی نے ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔ اب اپنی ٹیم کی ہار اور کوہلی کی بدتمیزی پر پردہ ڈالنے کے لیے بھارتی ٹرولرز نے آسٹریلوی کرکٹر کی فیملی کو سستے ہتھکنڈوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے





