آذربائیجان نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود یا زمینی علاقہ کسی بھی ملک کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ یہ بات آذربائیجان کے وزیر خارجہ جہون بیراموف نے کہی۔
آذربائیجانی وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ جہون بیراموف نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران جہون بیراموف نے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آذربائیجان ہمیشہ اس مؤقف پر قائم رہا ہے کہ تمام فریق ایسے اقدامات اور بیانات سے گریز کریں جو ایران اور اس کے گرد و نواح میں عدم استحکام کا سبب بن سکتے ہوں۔
آذربائیجانی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام تنازعات اور اختلافات کو بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے مطابق صرف بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ آذربائیجان نہ ماضی میں اور نہ ہی مستقبل میں اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی عسکری سرگرمی کے لیے استعمال ہونے دے گا۔





